مطلب یہ کہ پنجابن کی چال ایسی ہے کہ چمڑے کی جوتی بھی پنجابن کی چال کا بل نہیں سہہ سکتی ِ
ِ سال 2008 کا سورج اپنی آخری ہچکی لے چکا ہے ِ ٹھیک 110 منٹ کے بعد 2008 ماضی کا حصہ بن جائے گا اور 2009 جنم لے گا ِ اس وقت جبکہ پیرستان کی گوریاں اور کالیاں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیاریوں اور اپنے حسن کو تڑکا لگانے میں مصروف ہیں میں یہ سوچ سوچ کر ہلکان ہو جا رہا ہوں کہ نئے سال کا استقبال کرتی ہوئی پریوں کا نظارہ آئفل ٹاور سے کیا جائے یا شانزے لیزے کی شاہراہ پر ِ حال یہ ہے کہ شانزے لیزے کا دیو مالائی حسن اپنی طرف کھینچتا ہے تو آئفل ٹاور کا جادو اپنی طرف ِ لیکن یہ الجھن کسی حسینہ کی زلف کے پیچ کی طرح سلجھنے کا نام ہی نہیں لے رہی ِ آخر جیب سے ایک یورو کا سکہ نکالا ، ہوا میں اچھالا ، اور اس کے واپس میری ہتھیلی میں آنے کے ساتھ ہی فیصلہ ہو گیا ِ جی ہاں ، میں شانزے لیزے جا رہا ہوں ِ میں یہ بھی دیکھ رہا ہوں کہ عالم ارواح سے گستاو آئفل ٹاور کی گھورتی ہوئی آنکھیں یہ کہہ رہی ہیں کہ تم نے میری تخلیق آئفل ٹاور کو نظر انداز کر کے اچھا نہیں کیا ، اب میں بھی تمہارا سفرنامہ نہیں پڑھوں گا ِ مسٹر آئفل سے تو جو کہا سو کہا، لیکن آپ سے یہ کہنا چاہوں گا کہ آئفل ٹاور نہ جانے پہ پریشان نہ ہوں کیونکہ میں ہوں نا
میں اسٹیشن میں داخل ہو کر میٹرو نمبر ایک کے سٹیشن کی طرف جا رہا ہوں جو یہاں سے کچھ فاصلے پر ہے ِ جوں جوں میں پلیٹ فارم کے قریب ہوتا جا رہا ہوں عوام کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ِ یعنی عوام جوق در جوق شانزے لیزے کی طرف جا رہے ہیں ِ اتنے سارے لوگوں کو دیکھ کر پہلے تو خیال آیا کہ کہیں نئے سال کے موقع پر مفت لنگر کا اہتمام بھی نہ ہو ِ لیکن اب آپ سے کیا پردہ ِ پیرس تو کیا پورے فرانس میں داتا کی نگری ہے نہ بری امام کا دربار ِ ان کی حکومت ہی ان کے لیے سب کچھ ہے ِ پیدائش سے موت تک ، تعلیم سے روزگار تک ، روزگار سے بے روزگاری تک، اور شادی سے رہائش تک آپ جب چاہیں حکومت کے دروازے پر دستک دے سکتے ہیں
بہرحال، پلیٹ فارم کے بالکل پاس تو یہ حال ہے کہ لوگوں سے کھچا کچھ بھرا ہوا ہے اور صحیح معنوں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہے، پاؤں دھرنا تو بہت دور کی بات ہے ِ خیر، ابھی ایک ٹرین آئی ہے، لوگ اس میں سوار ہو رہے ہیں اور اب جا کر پلیٹ فارم پر جانے کا موقع ملا ہے ِ دو منٹ کے بعد ایک اور ٹرین صاحبہ تشریف لا رہی ہیں جن کا پیٹ انسانوں سے اتنا بھرا ہوا ہے کہ اس میں سوار ہونا جنرل مشرف کی وردی اتروانے سے آسان نہیں لگ رہا ِ ٹرین کے آٹو میٹک دروازے کھلنے کی دیر ہے کہ عوام الناس یوں لپکی ہے جیسے یورپ میں ہمارے پاکستانی بھائی مفت کی شراب پر لپکتے ہیں ِ اس لمحے جب سب لوگ ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں مجھے فرانس کے مہذب شہریوں اور اپنے ہم وطنوں کے درمیاں کوئی فرق نہیں محسوس ہوا ِ بلکہ، میں تو سوچتا ہوں کہ اگر فرانس کی آبادی پاکستان میں منتقل کر دی جائے تو فرانسیسیوں کو پاکستانیوں کے طور طریقے اپنانے میں کپڑے بدلنے سے زیادہ دیر نہیں لگے گی ِ یہ تبدیلی کیوں آئے گی ? آپ اس کا جواب سوچیے، میں آپ کو یہ بتاتا ہوں کہ وہی ٹرین جس میں تھوڑی دیر پہلے تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی اب مزید سواریوں کو لئے جا رہی تھی ِ اگرچہ اپنے سے پیچھے والے لوگوں کی مہربانی سے میں ٹرین میں کھڑا ہونے کی جگہ تو مل گئی ہے لیکن بالکل آگے کھڑی سواری کو زحمت دئیے بنا سانس نہیں لی جا سکتی ِ عرض کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جب ہم سانس اندر کھینچتے ہیں تو ہمارا سینہ اور پیٹ پھولتا ہے ِ یہاں، اس میٹرو میں ، جب میں سانس لیتا ہوں ، اور سینہ پھولتا ہے تو آگے کھڑی فرانسیسی حسینہ کی زلفوں کو چومتا ہے اور جذبات کے پٹرول کو دیا سلائی دکھاتا ہے ِ صاحبو، اس حال میں سفر کرنا بہت دل گردے کا کام ہےقربتوں کا یہ عالم کہ ٹمپریچر کی طرح فاصلے بھی کم ہوتے ہوتے منفی ہو چکے ہیں ِ مطلب اگر آپ مجھ سے یہ پوچھیں گے کہ بتاؤ، تمہاری دائیں طرف کھڑی حسینہ تم سے کتنے فاصلے پر ہے تو میرا جواب ہو گا، منفی 2 انچ جناب ِ نزدیکیاں اس قدر ہیں کہ کوئی جسمانی راز راز نہیں رہا ِ ایسی معلومات جنہیں حاصل کرنے کے لئے عشاق کو انتظار اور مشقت کے اچھے خاصے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں ، معرفت کی ان گھڑیوں میں اس خاکسار کو بلا آرزو دستیاب ہیں ِ مجھے پورا یقین ہے کہ اگر اس وقت مستنصر حسین تارڑ میری جگہ ہوتے تو دائیں یا بائیں ، آگے یا پیچھے سے کم از کم ایک آدھ حسینہ ان کی مردانہ وجاہت کا تیر کھا کر پھڑک چکی ہوتی
جاری ہے
I have just finished reading the article you wrote on new year Eve,I want to tell you how much I appreciated your funniest written and thought-provoking article.
ReplyDeleteWhile much has been written on this topic, your article expresses both the positive and negative aspects of this topic.
Thank you for your thorough research and funny writing.
Shahida Cheema